نئی دہلی، 11دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) پنجاب کانگریس کے صدر امرندر سنگھ نے آج دعوی کیا کہ ریاست میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اصل مقابلہ ان کی پارٹی اور عام آدمی پارٹی(آپ)کے درمیان ہے،تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کی صورت حال کمزور ہوتی جا رہی ہے اور اسے تشہیر کے لئے دوسری ریاستوں سے 50000لوگوں کو لاناپڑا۔حکمراں شرومنی اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کے بابت امرندر نے دعوی کیا کہ مقابلہ کانگریس اور آپ کے درمیان ہے۔اکالی دل اور بی جے پی اتحاد مقابلے میں کہیں نہیں ہے۔آپ کے بانی رکن اور ریاستی نائب صدر سی ایم لکھن پال اور تین دیگر لیڈران پی کے شرما، اقبال پنوں اور برپور سنگھ کاکانگریس میں خیر مقدم کرتے ہوئے امرندر نے دعوی کیا کہ آپ کا گراف نیچے گر رہا ہے کیونکہ پنجاب کے لوگوں کا ان سے دل اوب ہو چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اروند کجریوال کا یہ دعوی محض ایک چھلاوا ہے کہ اگر ان کی پارٹی پنجاب کے اقتدار میں آتی ہے تو وہ کسی دلت لیڈر کو نائب وزیر اعلی بنائیں گے،ان کی دہلی حکومت میں کوئی سکھ یا دلت وزیر نہیں ہے۔امرندر نے کہا کہ ایسے گمراہ کرنے والے بیانات کے ذریعے کجریوال پنجاب کے لوگوں کو صرف بیوکوف بنا رہے ہیں۔پنجاب میں ”آپ“کی کوئی پکڑ نہیں ہے اور اس نے اتر پردیش اور بہار جیسی ریاستوں سے 50000لوگوں کوتشہیرکیلئے بلا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس میں حال میں شامل ہوئے لوگوں کو ایسی نشستوں سے ٹکٹ دئے جائیں گے جہاں اب تک پارٹی کا کوئی فعال امیدوار نہیں ہے۔کانگریس میں آئے نئے لیڈران نے پارٹی کو غیر مشروط حمایت دینے کی بات کہی اور الزام لگایا کہ ”آپ“پنجاب کے لوگوں کی خواہشات پر کھرا اترنے میں ناکام رہی اور اب وہ پستی میں جا رہی ہے۔